تاثیر ۲۰ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
چھپرہ، 20 اگست: بہار کے چھپرہ ضلع کے دریا پور تھانہ علاقہ کے سید پور گاوں میں کل دوپہر سے لاپتہ نوجوان کی لاش اس کے گھر کے قریب کھیت سے برآمد ہوئی ہے۔ متوفی کی شناخت دھرم دیو ٹھاکر کے 32 سالہ بیٹے منا ٹھاکر کے طور پر کی گئی ہے۔ متوفی سید پورگاوں رہائشی تھا۔ رکشا بندھن کے موقع پر نوجوان کی بیوی اپنے بھائیوں کو راکھی باندھنے اپنے میکے گئی تھی، وہیں نوجوان کی بہن راکھی باندھنے اس کے گھر آئی تھی۔
نوجوان کی بہن نے اپنے بھائی کو گھر آنے کے لیے کئی بار فون کیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ کافی دیر بعد گھر والوں کو تشویش ہوئی اور نوجوان کی تلاش شروع کی۔ حالانکہ نوجوان کا کچھ پتہ نہیں چلا۔ آج صبح جب گاوں کے لوگ رفع حاجت کے لیے گئے تو کھیت میں ایک لاش پڑی ہوئی ملی، جس کے بعد متوفی کے اہل خانہ نے موقع پر پہنچ کر لاش کی شناخت کی۔
لاش ملنے کے بعد مقامی لوگوں نے قریبی پرسا تھانہ کو اطلاع دی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پرسا تھانہ اور دریا پور تھانہ کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گھر والوں میں کہرام مچ گیا۔ نوجوان کی اہلیہ کو اس کے میکے میں فون کی اس کی اطلاع دی گئی۔
وہیں اس معاملے میں مقامی لوگ قتل بتا رہے ہیں۔ کئی لوگوں نے کرنٹ لگا کر قتل کرنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جبکہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ قتل گلا دبا کر کیا گیا ہے۔ پرسا تھانہ انچارج سنیل کمار نے بتایا کہ متوفی کی موت کیسے اور کن وجوہات کی بناء پر واقع ہوئی، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد پتہ چل سکے گا۔ حالانکہ پولیس کئی زاویوں سے تفتیش کر رہی ہے۔