تاثیر ۳۰ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پیرس، 30 اگست: ہندوستان کی اسٹار پیرا شوٹر اونی لیکھارا نے پیرس پیرا اولمپکس 2024 میں کمال کیا ہے۔ ٹوکیو پیرالمپکس میں ہندوستان کے لیے ایک گولڈ سمیت دو تمغے جیتنے والی اونی لیکھارا نے پیرس پیرالمپکس میں بھی طلائی تمغہ جیتا ہے۔ انہوں نے آر-2 خواتین کے 10 میٹر ایئر رائفل اسٹینڈنگ ایس ایچ 1 ایونٹ میں ہندوستان کے لیے طلائی تمغہ جیتا۔ اونی کے بعد شوٹر مونا اگروال نے بھی کمال کیا اور کانسے کا تمغہ جیتا۔ ان دو تمغوں کے ساتھ ہی پیرس پیرالمپکس میں ہندوستان کا کھاتہ کھل گیا ہے۔ ہندوستان کے پاس ایک گولڈ اور ایک کانسے کا تمغہ ہے۔
پیرس پیرالمپکس کے دوسرے دن جمعہ کو پیرا شوٹر او نی لیکھارا نے آر-2 خواتین کے 10 میٹر ایئر رائفل سٹینڈنگ ایس ایچ 1 ایونٹ کے فائنل میں 249.7 کا اسکور کیا اور طلائی تمغہ جیتا۔ اونی نے ٹوکیو پیرالمپکس میں 249.6 کا اسکور کرکے طلائی تمغہ جیتا تھا۔ اس بار انہوں نے 249.7 اسکور کیا۔ اس طرح انہوں نے اپنا ہی پیرا اولمپک ریکارڈ توڑ دیا۔ اس کے ساتھ ہی اونی پیرالمپکس میں دو گولڈ میڈل جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔