تاثیر ۲۹ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ29اگست:اپنے بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں رہنے والے بی جے پی کے فائر برانڈ لیڈر اور مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے کولکاتہ لیڈی ڈاکٹر ریپ-قتلمعاملے کو لے کر اپوزیشن پر بڑا حملہ کیا ہے۔ پٹنہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح سے لالو یادو ، تیجسوی یادو اور راہل گاندھی کو بنگال میں بیٹیوں کی عصمت دری کا واقعہ نظر نہیں آرہا ہے ، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ‘ ٹکڑے ٹکڑے گینگ ‘ کے یہ لوگ ریپ کرنے والوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ وہ بنگال کے مسئلہ پر خاموشی کیوں اختیار کئے ہوئے ہیں ؟
مرکزی وزیر نے کولکاتہ عصمت دری قتل معاملے کو لے کر نہ صرف ممتا بنرجی پر حملہ کیا بلکہ انڈیااتحاد کے لیڈروں کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ لالو یادو ، تیجسوی یادو اور راہل گاندھی بنگال کے مسئلہ پر خاموش ہیں۔ یہ لوگ ممتا کے ساتھ ہیں ، اسی لیے بیٹیوں کے لیے آواز نہیں اٹھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی بنگال میں ہار گئی ہیں ، اس لیے وہ غیر آئینی باتیں کرتی ہیں اور وفاقی ڈھانچے پر یقین نہیں رکھتیں۔