اسرائیلی حملے کے بعد ورلڈ فوڈ پروگرام نے عملے کی نقل و حرکت روک دی

تاثیر  ۲۹   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

غزہ ،29اگست:اسرائیلی ظلم غزہ میں نہ صرف فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کر رہے ہیں بلکہ وہاں انسانی بنیاد پر رفاہی کام انجام دینے والے اداروں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔عرب میڈیا کے مطابق شمالی غزہ میں ایک گھر پر اسرائیلی بمباری سے ایک فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی فوج کے حملے کے بعد یو این ورلڈ فوڈ پروگرام نے غزہ میں اپنے عملے کی نقل و حرکت تاحکم ثانی روک دی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز اسرائیل نے اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے خوراک کی گاڑی کو نشانہ بنایا تھا۔یو این ورلڈ فوڈ پروگرام کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ہماری گاڑی پر حملے جیسے واقعات ناقابلِ قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری گاڑی پر حملے کے بعد عملے کی جان و مال کو خطرات ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈبلیو ایف پی کی گاڑی پر اسرائیلی حملے میں کوئی نقصان نہیں ہوا تھا۔
ادھر غزہ جنگ بندی معاہدے پر بات چیت کا ایک اور دور قطر میں جاری ہے۔اس سے پہلے قاہرہ میں ہونے والا مذاکرات کا دور بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا تھا۔