ساموا کے بلے باز ڈیرئس وزسر نے یوراج سنگھ کا ٹی 20 ریکارڈ توڑ دیا، ایک ہی اوور میں 39 رن بنائے

تاثیر  ۲۰   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 20 اگست: ساموا کے بلے باز ڈیرئس وزسر نے منگل کو تجربہ کار ہندوستانی کھلاڑی یوراج سنگھ کا ریکارڈ توڑ دیا۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفائر میں، ڈیرئس وزسر نے ایک ہی اوور میں 39 رن بنائے اورکرکٹ کے ٹی 20 انٹر نیشنل فارمیٹ میں ایک ہی اوور میں سب سے زیادہ رن بنانے کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ ڈیرئس وزسر نے یوراج (2007)، کیرون پولارڈ (2021)، دیپندر سنگھ ایرے (2024) اور نکولس پوران (2024) کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ان سبھی نے ٹی 20 انٹر نیشنل فارمیٹ میں ایک ہی اوور میں 36 رن بنائے تھے۔اس کے ساتھ ہی وزسر کرکٹ کے ٹی 20 انٹر نیشنل فارمیٹ میں سنچری بنانے والے پہلے ساموائی کرکٹر بھی بن گئے۔ وزسر کے 62 گیندوں پر 132 رن کی مدد سے ساموا نے منگل کو 2026 ورلڈ کپ کے علاقائی کوالیفائر میں وانواتو کے خلاف 10 رنوں سے جیت درج کی۔ وزسر نے اپنی اننگ 14 چھکوں اور پانچ چوکوں کے ساتھ ختم کی۔یوراج نے 2007 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں انگلینڈ کے اسٹیورٹ براڈ کے ایک اوور میں چھ چھکے لگائے، پولارڈ نے 2021 میں سری لنکا کے اکی لا دھننجئے کے خلاف بھی ایسا ہی کیا۔ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں ایک اوور میں 6 چھکے لگانے کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے ہرشل گبس اور امریکی بلے باز جسکرن ملہوترا کے نام بھی ہے۔