بہار میں مشاورت کی تنظیمی ساخت کی تشکیل کیلئے ایڈہاک کمیٹی تشکیل

تاثیر  ۸  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ8 ستمبر : آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت ( رجسٹرڈ) کی ایک جنرل میٹنگ بہار اردو اکادمی کے ہال میں ارشد اجمل کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔اس جنرل میٹنگ میں مقامی اور ضلعوں سے تشریف لانے اہم حضرات سے مشاورت کی مضبوطی کیلئے رائے لی گئیں وہیں بہار میں مشاورت کی تنظیمی ساخت کی تشکیل کیلئے ایک ایڈہاک کمیٹی بنائی گئی ۔ جس میں اتفاق رائے سے نشور اجمل کو کنوینر بنایا اور عبد الوہاب انصاری کو جوائنٹ کنوینر بنایا گیا ۔ وہیں ایک ٹیم بھی بنائی گئی جس میںتنویر احمد خاں، ایس ایم انور حسین، ڈاکٹر انوارالہدیٰ ، احمد امام ، ایڈووکیٹ کاشف یونس کے نام شامل ہیں ۔ آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت ( رجسٹرڈ) کے سکریٹری ( فائنانس ) نے ایڈہاک کمیٹی کے کنوینر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس ایڈہاک کمیٹی کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ تین ماہ کے اندر مشاورت کے دستور کے مطابق ممبر سازی کرکے ماہ دسمبر میں باضابطہ ایک کمیٹی کی تشکیل دی جائے ۔
اپنے صدارتی خطبہ میں ارشد اجمل نے مشاورت کا تعارف پیش کرتے ہوئے اس کے شاندار ماضی سے روشناس کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ مشاورت کی اہمیت دوسری تنظیموں سے بالکل الگ ہے ۔ اس کا اصل کام مسلمانوں کیلئے بننے والی پالیسوں میں اثر انداز ہوناہے ۔ انہوں نے یہ کہا پالیسی پر اثر انداز ہونے کا یہ اثر ہوا کہ سچر کمیٹی اور رنگ ناتھ مشرا کمیٹی کے بعد سرکار نے کئی اہم پالیسی و پروگرام بنائے ۔ جس میں پری میٹرک ، پوسٹ میٹرک ، میرٹ کم مینس اور ایم ایس ڈی پی جیسے پروگرام شامل ہیں۔ ٹھیک اسی طرح سے مشاورت کو اپنی وہ روش برقرار رکھنی چاہیئے ۔
موتیہاری سے تشریف لانے والے انجنئیر تنویر احمد خان نے کہا کہ موجودہ دور میں مسلمانوں کے سامنے سلگتے ہوئے مسائل سامنے کھڑے ہیں ایسے میں مشاورت جیسی تنظیم کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔
آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت ( رجسٹرڈ) کے کارگزار جنرل سکریٹری سید تحسین احمد نے میٹنگ کی نظامت کرتے ہوئے مشاورت کی حصولیابیوں کا ذکر کیا ۔
اس موقع پر سابق ممبر قانون ساز کونسل ڈاکٹر تنویر حسن، ڈاکٹر اظہار احمد سابق ایم ایل اے ، عبدلوہاب انصاری ، ایس ایم انور حسین، ایڈووکیٹ کاشف یونس، شاہد کمال مظفر پور ، قیصر عالم مظفر پور، محمد شعیب مظفرپور، سی اے سیف اللہ قادری، ایس ذیشان احمد ، اقبال امام وغیرہ نے بھی اپنے مفید مشوروں سے نوازہ ۔