روس اور یوکرین کے درمیان ڈرون جنگ ، ماسکو کے دو ہوائی اڈے بند

تاثیر  ۱۰  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ماسکو،10ستمبر:یوکرین نے کہا ہے کہ اس کے فضائی دفاع نے منگل کی صبح دارالحکومت کیف پر روس کی جانب سے ڈرون حملے کو پسپا کردیا۔ اس کا اعلان دارالحکومت کی فوجی انتظامیہ نے ٹیلیگرام ایپلی کیشن پر کیا۔اس سے قبل روسی حکام نے آج اعلان کیا تھا کہ روسی علاقے میں یوکرین کے ایک حملے میں ایک بچہ ہلاک ہوگیا۔ روس نے کہا کہ اس کے فضائی دفاع نے رات کے وقت 70 سے زیادہ یوکرائنی ڈرون مار گرائے۔
ماسکو ریجن کے گورنر آندرے ووروبیوف نے ٹیلیگرام ایپلی کیشن پر ایک پوسٹ میں کہا کہ دارالحکومت کے جنوب مشرقی مضافات میں واقع رامینسکوئے میں ایک رہائشی عمارت پر ڈرون کے حملے کے بعد “ایک 9 سالہ بچہ بدقسمتی سے ہلاک ہو گیا۔مقامی حکام نے آج بتایا کہ روسی فضائی دفاعی یونٹس نے یوکرین کی طرف سے ماسکو کو نشانہ بنانے والے کم از کم سات ڈرونز کو تباہ کر دیا۔ جبکہ یوکرین کی سرحد کے قریب برائنسک کے علاقے پر 59 ڈرون مار گرائے گئے۔روسی خبر رساں ایجنسیوں نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا کہ تولا کے علاقے میں تباہ کیے گئے ڈرون کا ملبہ ایندھن اور توانائی کی تنصیب پر گرا۔ تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔روسی “شاٹ” اور “بازا” ٹیلیگرام پر چینلز، جو روسی سیکورٹی سروسز کے قریب ہیں، نے کہا کہ ماسکو کے دو ہوائی اڈوں پر پروازیں معطل کر دی گئیں۔