تاثیر ۶ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
بالاگھاٹ، 6 ستمبر: مدھیہ پردیش کے بالاگھاٹ میں ہاک فورس کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ ہاک فورس کے اسپیشل آپریشن گروپ نے جمعرات-جمعہ کی درمیانی شب بیہر تھانہ کے تحت کانہا نیشنل پارک کے پاس پرسٹولا چچرنگ پور کے جنگلاتی علاقے میں تلاشی کے دوران ایک ہارڈکور خاتون نکسلائیٹ کو گرفتار کیا ہے۔ اس خاتون نکسلائیٹ کو آزاد کرانے کے لیے نکسلیوں کے ایک گروپ نے پولیس پارٹی پر حملہ بھی کیا۔
گرفتار ہونے والی نکسلی خاتون پر 14 لاکھ روپے کا انعام تھا، مدھیہ پردیش میں نکسلی سرگرمیوں کے دوران اس خاتون کے خلاف قتل، قتل کی کوشش جیسے چھ سنگین مقدمات درج ہیں۔ ہاک فورس نے اس کے پاس سے ایک پستول، میگزین، کلہاڑی اور دیگر اشیاء بھی برآمد کی ہیں۔
بالاگھاٹ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ناگیندر سنگھ نے جمعہ کو بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کے بی ڈویڑن کے نکسلیوں کا ایک گروپ بیہر تھانہ علاقے کے تحت پرسٹولا کے چچرنگ پور جنگلاتی علاقے میں موجود ہے۔ اطلاع ملنے پر ہاک فورس کے ایک خصوصی گروپ کو علاقے میں سرچ آپریشن کے لیے بھیجا گیا۔ تلاشی کے دوران جب دو مشتبہ افراد نظر آئے تو ہاک فورس کی ٹیم نے انہیں گھیرے میں لے کر پکڑنے کی کوشش کی۔ اس دوران تین ریاستوں کی انتہائی مطلوب 14 لاکھ روپے کی انعامی کٹر نکسلائیٹ 32 سالہ اے سی ایم سانجتی بیوی گنیش کو گرفتار کرنے میں کامیابی ملی ہے۔ مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور مہاراشٹر کی حکومتوں نے سانجتی پر انعام کا اعلان کیا تھا۔

