نائیجیریا میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کا گاوں پر حملہ؛81 افراد ہلاک

تاثیر  ۴  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ابوجہ،04ستمبر:نائیجیریا کی ریاست یوبے میں خودکار اسلحہ سے لیس 50 سے زائد افراد نے ایک گاو?ں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 81 افراد ہلاک اور متعدد لاپتا ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجریا کے مافا گاوں پر صبح 4 بجے آر پی جی گرینیڈز اور خود کار ہتھیاروں سے لیس درجن سے زائد موٹر سائیکلوں پر 50 افراد نے دھاوا بولا۔حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے بھگدڑ مچ گئی اور دیہاتیوں کو چھپنے کی جو جگہ ملی اس طرف دوڑ پڑے لیکن انھیں کہیں پناہ نہیں ملی۔ جھاڑیوں اور کھیتوں تک میں لاشیں بکھری پڑی ہیں۔حملہ آوروں نے دکانوں اور گھروں کو بھی آگ لگا دی۔ متعدد دیہاتی حملے کے بعد سے لاپتا ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ پناہ کی تلاش میں گاوں سے باہر نکل گئے اور حملہ آوروں کے ہتھے چڑھ گئے۔مقامی پولیس نے الزام عائد کیا ہے کہ حملہ آوروں کا تعلق شدت پسند تنظیم بوکو حرام سے ہے تاہم بوکو حرام کی جانب سے تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔