مہاراشٹر حکومت کی جانب سے مالیگاؤں کی 110 مساجد و مدارس کیلئے سولار پینل کے لیے 5 کروڑ منظور

تاثیر  ۸  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

مالیگاؤں،08 ستمبر: سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید نے مالیگاؤں کی مساجد و مدارس کے ذمہ داران سے اپیل کی تھی کہ وہ سولار سسٹم کیلئے حکومت کے نام عرضی دیں۔ انھوں نے حکومت مہاراشٹر سے منظوری حاصل کرنے کی کوشش کا وعدہ کیا تھا۔ اس اپیل پر شہر کے کئی مساجد اور مدارس نے عرضیاں دیں تھیں۔ ان عرضیوں کو بنیاد بنا کر مالیگاؤں شہر سمیت مہاراشٹر کے مسلمانوں کی جانب سے مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ و وزیر مالیات اجیت پوار سے مطالبہ کیا گیا کہ ذاکر حسین مدرسہ بورڈ اسکیم میں ترمیم کرتے ہوئے مساجد و مدارس کو سولار انرجی کی سہولیات فراہم کی جائے۔ اس کیلئے مالیگاؤں شہر کے مساجد و مدارس کی جانب سے 110 عرضیاں اجیت پوار کے ذریعے پلاننگ ڈپارٹمنٹ کو دی گئیں۔ اجیت پوار نے پلاننگ ڈپارٹمنٹ کو اسپیشل کیس بتاتے ہوئے مالیگاؤں کے پروپوزل کو منظوری دینے کی سفارش کی۔ جس پر حکومت نے اس مطالبہ پر غور و خوص کیا اور مالیگاؤں شہر سمیت مہاراشٹر کیلئے ایک تاریخی فیصلہ لیا۔اجیت پوار کے محکمہ منصوبہ بندی نے جی آر میں ترمیم کرکے 6 ستمبر بروز جمعہ کو نیا جی آر جاری کیا۔مدرسہ بورڈ اسکیم میں سولار سسٹم لگانے کا فیصلہ محکمہ اقلیت کو دیا۔ایک سوال کے جواب میں مالیگاؤں کے سابق ایم ایل اے آصف شیخ نے کہا کہ ہمارے پاس تقریباً 110 مساجد و مدارس کے ذمہ داران کی تجویز آئی جسے ہم نے اجیت پوار کے ذریعے پلاننگ ڈپارٹمنٹ کو دیا اور وزارت مالیات کے زیر اثر جاری منصوبہ بندی محکمہ نے مالیگاؤں شہر کی مساجد و مدارس کے لیے 5 کروڑ روپیے کی خصوصی گرانٹ منظور کی۔