تاثیر ۱۸ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 18 ستمبر:وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کیمور ضلع کے بھگوان پور بلاک میں منڈیشوری وائلڈ لائف ایکو پارک کا ربن کاٹ کر اورنام کی تختی کی نقاب کشائی کرکے افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ نے الیکٹرانک آٹو رکشہ سے نو تعمیر شدہ ایکو پارک کا معائنہ کیا اور لوگوں جل -جیون -ہریالی مہم کے تیں بیدار کرنے کے لیے پودا بھی لگایا۔پَورا پہاڑی کے نیچے ماحولیات، جنگلات اور آب و ہوا کی تبدیلی محکمہ کے ذریعہ 10.4 کروڑ روپے کی لاگت سے ماں منڈیشوری وائلڈ لائف ایکو پارک کی تعمیر کرائی گئی ہے۔ یہ پارک 13.6 ایکڑ میں پھیلا ہوا ہے۔ اس پارک میں مختلف جنگلی جانوروں کے مجسمے نصب کیے گئے ہیں، ٹری ہاؤسز، مچان، پل، بدھا سروور کی جدید کاری، اوپن ایئر تھیٹر، گزیبو، فوارے، آبشار، لائٹس وغیرہ یہاں لگائے گئے ہیں۔ اوپن تھیٹر میں 300-400 لوگوں کے ایک ساتھ بیٹھنے کا انتظام ہے۔ پورے پارک میں خودکارپرنکلر لگائے گئے ہیں، تاکہ پورے پارک میں چھڑکاؤ کیا جا سکے اور ہریالی کو برقرار رکھا جا سکے۔ منڈیشوری وائلڈ لائف ایکو پارک سرسبز و شاداب درختوں اور خوبصورت باغات سے لیس ہے۔ یہ پارک سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہوگا اور ماحولیاتی سیاحت کو بھی فروغ دے گا۔وزیر اعلیٰ نے ماں منڈیشوری وائلڈ لائف ایکو پارک سے ہی ریموٹ کے ذریعے تلہار کنڈ آبشار میں سیاحتی سہولیات کا بھی افتتاح کیا۔ یہ آبشار بھبھوا سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہاں آبشار تقریباً 500-600 فٹ کی بلندی سے گرتا ہے جو دیکھنے میں بہت دلکش ہے اور سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر تا ہے۔ سیاحوں کی سہولت کو ذہن میں رکھتے ہوئے، محکمہ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی نے 2.25 کروڑ روپے کی لاگت سے بہار کے سب سے گہرے آبشار تلہار کنڈ میں سیاحتی سہولیات جیسے رسائی سڑک، داخلی دروازے،حفاظتی ریلنگ، گیزیبو پارکنگ، بیرک، اجابت خانہ، ویو پوائنٹ وغیرہ بنائے گئے ہیں۔ ان سہولیات کی ترقی کے بعد تلہار کنڈ آبشار میں سیاحوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے ماں منڈیشوری مندر میں پوجا کی اور ریاست کی امن و سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ منڈیشوری مندر کیمور ضلع میں پوورا پہاڑی کے او پر واقع ہے۔