تاثیر ۴ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضا امام) 4 ستمبر:- اردو ڈائریکٹوریٹ، کیبنٹ سیکرٹریٹ ڈیپارٹمنٹ، حکومت بہار کے زیراہتمام ضلعی سطح پر اردو زبان کے طلبہ کے فروغ کی ریاستی اسکیم کے تحت، ضلع اردو زبان سیل، دربھنگہ کی جانب سے آڈیٹوریم، دربھنگہ میں مباحثہ مقابلہ کا انعقاد کیا گیا۔
پروگرام کا افتتاح ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر چترگپت کمار، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشن ستیندر پرساد اور ڈسٹرکٹ ویلفیئر آفیسر آلوک کمار نے اسٹیج پر شمع روشن کرکے کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈویلپمنٹ کمشنر نے کہا کہ اردو زبان ہمارے ملک کی دوسری زبان ہے۔ اردو زبان کی حوصلہ افزائی کے لیے یہ حکومت کا اقدام ہے۔ اردو سیکھنے کی کلاسیں سرکاری ملازمین اور ان لوگوں کے لیے بھی چلائی جاتی ہیں جو سرکاری ملازم نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جائے. ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اردو ایک مقبول زبان ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصاً شاعری میں اردو زبان نا چاہتے ہوئے بھی جذب ہو جاتی ہے۔انہوں نے مباحثہ مقابلہ میں موجود طلباء سے درخواست کی کہ وہ اچھی تیاری کریں اور بہترین پوزیشن حاصل کریں. ضلع ویلفیئر آفیسر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دربھنگہ ضلع میں گزشتہ برسوں سے اس طرح کے کامیاب پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان کی حوصلہ افزائی اور عام لوگوں کو اردو سیکھنے کی ترغیب دینے کے لیے ایسے پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔