تاثیر ۱۸ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) ضلع مجسٹریٹ مسز اڈیتا سنگھ نے سہسرام کلکٹریٹ میں واقع ڈی آر ڈی اے آڈیٹوریم میں پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی) کے تحت ضلعی سطح پر کل 15 مستفیدین کو منظوری لیٹر اور پانچ مستفیدین کو علامتی چابیاں تقسیم کیں ۔ پہلی قسط کی رقم تمام بلاکس میں 2287 مستفیدین کو منتقل کی گئی اور 183 مستفیدین جنہوں نے اپنے مکانات مکمل کر لئے تھے ایک علامتی کلیدی تقسیم کے پروگرام کے ذریعہ انکے گھروں میں داخل کرائے گئے ۔ ضلع مجسٹریٹ نے مستحقین سے کہا کہ وہ پی ایم آواس یوجنا کی رقم صرف مکانات بنانے پر خرچ کریں نہ کہ کسی اور کام میں، ضلع مجسٹریٹ نے سمرڈیہا، سہسرام کی رہنے والی بھگمنیہ دیوی سے پوچھا کہ وہ کتنے دنوں میں اپنا مکان تیار کرا لینگی تو اس نے جواب دیا کہ 100 دنوں میں گھر تیار کرا لینگے ۔ مستحقین سے خطاب کرتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ بینک تین اقساط میں ایک لاکھ 20 ہزار روپئے کی امدادی رقم فراہم کریگا، پہلی قسط رقم گھر کی منظوری کے بعد، دوسری قسط پلنتھ کی تعمیر کے بعد اور آخری قسط چھت کی تعمیر کے بعد دی جائیگی، ہر قسط 40 ہزار روپئے ہوگی ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر وجئے کمار پانڈے، ڈائرکٹر ڈی آر ڈی اے منیش کمار، سہسرام بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر اور تمام مستفیدین اور انکے اہل خانہ موجود تھے ۔ واضح ہو کہ مرکزی حکومت نے مکان کی ضرورت والے خاندانوں کیلئے مالی سال 2016-17 سے پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی) کو لاگو کرنے کا فیصلہ کیا، مذکورہ اسکیم کے نفاذ کیلئے سماجی، اقتصادی اور ذات پر مبنی مردم شماری 2011 میں شناخت کئے گئے، بے گھر خاندانوں کی فہرست اور 2018 میں آواس پلس کے ذریعہ سروے کے بعد شناخت کئے گئے بے گھر خاندانوں میں سے مستفید کا انتخاب کیا جانا تھا، مقررہ طریقہ کار کے مطابق سلیکشن لسٹ سے اہل خاندانوں کا انتخاب اور گرام سبھا سے ترجیح کے تعین کے بعد مستفید کو رہائش کیلئے منظوری دی جاتی ہے، مکانات کی تعمیر کیلئے منریگا اسکیم کے ذریعہ مستحقین کو 90 دن کی غیر ہنر مند مزدوری فراہم کی جاتی ہے، کل اجرت 90 x 245 = 22050 روپئے بطور مراعات فراہم کی جاتی ہیں ۔ بیت الخلاء کی تعمیر کے بعد لوہیا سوچھ بہار ابھیان کے تحت مستحقین کو 12000 روپئے کی ترغیبی رقم فراہم کی جاتی ہے ۔ گھر کو 25 مربع میٹر کے رقبے میں تعمیر کرنا ہے ۔ اگر مکانات کی تعمیر کیلئے فائدہ اٹھانے والوں کیلئے رہائش کے قابل زمین دستیاب نہیں ہے تو 05 ڈسمل زمین محکمہ محصولات/ ریاستی حکومت کے ذریعہ دستیاب کرائی جاتی ہے، اگر استفادہ کنندگان کے پاس مکان کی تعمیر کے لئے قابل رہائش اراضی نہیں ہے تو وزیر اعلیٰ ہوم پرچیز اسسٹنس اسکیم کے ذریعہ مستحقین کو اپنی زمین خریدنے کیلئے 01 لاکھ روپئے کی امدادی رقم فراہم کی جاتی ہے، رجسٹریشن میں رعایت فراہم کی جاتی ہے ۔ پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی) کے تحت مالی سال 2016-17 سے 2021-22 تک کل 67729 بے گھر خاندانوں کو فنڈز منتقل کر 65982 مکانات کی تعمیر کا کام مکمل کیا گیا ہے جو کہ 97.42 فیصد ہے ۔ پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی) کے تحت مالی سال 2024-25 میں کل 2861 بے گھر خاندانوں کو رہائش کیلئے منظوری دی گئی ہے ۔ منعقدہ منظوری لیٹر اور ہوم ڈیلیوری/علامتی کلید کی تقسیم کے پروگرام کے موقع پر پہلی قسط کی رقم بیک وقت 2302 مستفیدین کو منتقل کر دی گئی ہے اور 188 مستفیدین جنہوں نے مکان مکمل کر لیا ہے کو گھر کی چابی دی گئی ہے ۔