آٹھ کروڑ کی ڈکیتی کی سازش کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار

تاثیر  ۱۴  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 14 ستمبر:دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے پہاڑ گنج میں 8 کروڑ روپے کی ڈکیتی کا منصوبہ بنانے والے اہم ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ٹیم نے 8 کروڑ روپے مالیت کے سونے، ہیرے اور چاندی کے زیورات کی ڈکیتی سے متعلق اس ہائی پروفائل کیس میں مرکزی سازش کار کو گرفتار کرنے سے پہلے اس گروہ کے سات میں سے چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔ اگست 2022 میں اس جرم کو انجام دینے والے گروہ کا سرغنہ مفرور تھا اور کافی عرصے سے اس کی تلاش جاری تھی۔ اب کرائم برانچ کی ٹیم نے اسے دہلی کے پالم گاؤں کے مہاویر انکلیو سے گرفتار کیا ہے۔ اس کی شناخت اجیت سنگھ (46) کے طور پر ہوئی ہے۔ ملزم کو عدالت نے مفرور قرار دیا تھا، کرائم برانچ کے ڈی سی پی امت گوئل کے مطابق 31 اگست 2022 کو پہاڑ گنج کے علاقے میں ایک ہائی پروفائل ڈکیتی کا معاملہ سامنے آیا تھا، جس میں اس واردات کو انجام دینے میں گینگ کے سات افراد ملوث تھے۔