بنگلہ دیش میں عوامی لیگ کے رہنما کھوکن سمیت دو گرفتار

تاثیر  23  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ڈھاکہ، 23 اکتوبر: بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد ان کی پارٹی کے رہنماؤں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بنگلہ دیش عوامی لیگ کے رہنما کھوکن اور ایک اور سیاسی شخصیت کو کل رات ڈیلی اسٹار کے مطابق گرفتار کیا گیا ہے، پولیس نے کشور گنج کے سب ڈسٹرکٹ حسین پور کے سابق میئر اور ضلعی عوامی لیگ کے رہنما محمد عبدالقیوم عرف کھوکن کو گرفتار کیا ہے۔ انہیں نیو مارکیٹ کے علاقے سے حراست میں لیا گیا۔ حسین پور تھانے کے انچارج معروف حسین نے بتایا کہ انہیں طلبہ تحریک سے متعلق ایک کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ بعد ازاں کھوکن کو کشور گنج صدر ماڈل تھانے کے حوالے کر دیا گیا۔ کھوکن کو آج صبح عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس کے علاوہ ریپڈ ایکشن بٹالین (آر اے بی) نے سراج گنج کے تراش ضلع کے سابق صدر محمد منیر الزمان مونی کو قتل کی کوشش کے ایک معاملے میں گرفتار کیا ہے۔ آر اے بی کے مطابق مونی کو کل شام 7 بج کر 5 منٹ پر آر اے بی-2 اور آر اے بی-12 کی مشترکہ کارروائی کے دوران ڈھاکہ کے علاقے دھان منڈی سے گرفتار کیا گیا۔