تاثیر 29 اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں, 29 اکتوبر:جموں و کشمیر پولیس اور ضلع انتظامیہ ڈوڈہ نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ‘ایکتا دیوس’ کے موقع پر ایک شاندار منی میراتھن کا انعقاد کیا۔ یہ پرجوش تقریب اسپورٹس اسٹیڈیم ڈوڈہ میں منعقد ہوئی، جہاں ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ، ہرویندر سنگھ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس محمد اسلم نے میراتھن کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے بھی دوڑ میں حصّہ لیا۔ میراتھن کا راستہ اسپورٹس اسٹیڈیم سے بوائز ہائیراسیکنڈری اسکول ڈوڈہ تک تھا۔تقریب میں تین سو سے زائد شرکاء نے جوش و خروش سے حصہ لیا، جن میں ہر عمر کے افراد شامل تھے، جبکہ سیکورٹی فورسز اور سول انتظامیہ کے اہلکاروں نے بھی عزم و حوصلے کا مظاہرہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی ڈوڈہ نے اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل میں قومی ہیروز کی قربانیوں اور اتحاد کی اقدار کو فروغ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے منشیات کی روک تھام اور آن لائن دھوکہ دہی جیسے سنگین مسائل پر روشنی ڈالی، اور سردار ولبھ بھائی پٹیل کی قومی اتحاد میں خدمات اور ان شہداء کی قربانیوں کو یاد کیا جنہوں نے ملک کی سالمیت اور استحکام کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔تقریب کے اختتام پر میراتھن میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء کو ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی ڈوڈہ کی جانب سے نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔