تاثیر 26 اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 26 اکتوبر : اتر پردیش کی 10 اسمبلی سیٹوں میں سے 9 حلقوں میں 13 نومبر کو انتخابات ہونے ہیں۔ سماج وادی پارٹی (ایس پی) نے ان سیٹوں پرہونے جارہے ضمنی انتخابات کو جیتنے کے لیے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ پارٹی رہنما انتخابی مہم میں دن رات مصروف ہیں۔ دیوالی کے بعد انتخابی مہم مزید زور پکڑے گی اور پارٹی صدر اکھلیش یادو خود جلسہ اور روڈ شو کریں گے۔
پارٹی کے چیف ترجمان راجندر چودھری نے ہفتہ کو کہا کہ پارٹی صدر اکھلیش یادو اتر پردیش کی نو سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے مہم چلائیں گے۔ یہ انتخابی مہم دیوالی کا تہوار منانے کے بعد شروع ہوگی۔ وہ تمام نو نشستوں پر جلسوں اور روڈ شوز کے ذریعے عوام سے پارٹی امیدوار کی حمایت حاصل کریں گے۔ اکھلیش یادو کرہل اسمبلی سیٹ سے جلسہ عام کرکے انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ پارٹی کے قومی صدر کی طرف سے ایک دن اسمبلی میں ایک ساتھ عوامی میٹنگ اور روڈ شو کا انعقاد کیا جائے گا۔ شیو پال یادو، ایم پی ڈمپل یادو، اودھیش پرساد بھی انتخابی مہم کے دوران انتخابی میٹنگیں کریں گے۔