تاثیر 15 اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 15 اکتوبر:مدھیہ پردیش کے سب سے بڑے سرکاری حمیدیہ اسپتال میں کام کرنے والے ہزاروں آوٹ سورس ملازمین گزشتہ 3 ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے منگل سے ہڑتال پر ہیں۔ جس کی وجہ سے صحت کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ وارڈ بوائے اور ٹیکنیشن سمیت 500 کے قریب آوٹ سورس ملازمین ہڑتال پر ہیں۔ ناراض آوٹ سورس ملازمین اسپتال کے گیٹ کے سامنے دھرنے پر بیٹھ گئے اور بقایا تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔ حمیدیہ اسپتال میں وارڈ بوائز، سویپر، سیکورٹی گارڈ جیسے ملازمین نے اپنے کئی مطالبات کو لیکر کام بند کر دیا ہے۔ ملازمین کی ہڑتال کے باعث آنے والے مریضوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ جہاں ایک طرف مریض کے لواحقین کو وہیل چیئرز اور اسٹریچرز خود دھکیلنا پڑ رہے ہیں وہیں دوسری طرف ٹیکنیشنز کی ہڑتال کے باعث لوگوں کو پرچی بنوانے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ ہڑتالی ملازمین کا کہنا ہے کہ انہیں گزشتہ تین ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں جس کی وجہ سے ان کے لیے اپنا گھر چلانا مشکل ہو رہا ہے۔