تاثیر 29 اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں, 29 اکتوبر:محکمہ آیوش ڈوڈہ کے زیر اہتمام ڈوڈہ کے ٹاون ہال میں یوم آیورویدک کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آیوروید اور مجموعی صحت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ، ہروندر سنگھ تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ ایس ایس پی ڈوڈہ، محمد اسلم نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی۔تقریب کا آغاز ایک خصوصی یوگا سیشن سے ہوا، جس کی قیادت مشہور یوگا انسٹرکٹر انل کمار نے کی۔ انہوں نے جسمانی اور ذہنی صحت میں یوگا کے کردار پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہروندر سنگھ نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے مصروف طرز زندگی میں آیوروید کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے طرز زندگی اور روز مرہ کے معمولات سے پیدا ہونے والا تناو? اور مختلف بیماریوں کا پھیلاؤ عام ہوتا جا رہا ہے، لیکن آیوروید اور یوگا ان مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔