بی جے پی کا پرینکا کے حلف نامے پر حملہ، کہا- دلتوں کی توہین میں پیچھے نہیں نقلی گاندھی خاندان

تاثیر  24  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 24 اکتوبر:بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے وائناڈ لوک سبھا ضمنی انتخاب کے لئے کانگریس امیدوار پرینکا گاندھی کے حلف نامے میں دی گئی معلومات پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نقلی گاندھی خاندان دلتوں کی توہین میں پیچھے نہیں رہتا۔ گاندھی خاندان کے پاس دکھانے کے دانت اور کھانے کے دانت اورہیں، پارٹی کے قومی ترجمان گورو بھاٹیہ نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پرینکا گاندھی کا حلف نامہ ایک اعترافی بیان ہے، جو کانگریس اور گاندھی خاندان کی کرپشن کو بے نقاب کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کے بہنوئی رابرٹ واڈرا کے اعلان کردہ اثاثوں پر قابل ادائیگی انکم ٹیکس 75 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ ملک سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا سے وضاحت چاہتا ہے کہ اس ناجائز دولت کے ذرائع کیا تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سیکھنا چاہتا ہے تو اسے گاندھی خاندان سے سیکھنا چاہئے کہ منافقت کیا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس یو وی اور فارم ہاؤس والے لوگ نہیں جانتے کہ پسماندہ سماج کو کس طرح آگے لے جایا جاتا ہے۔ جب پرینکا گاندھی کاغذات نامزدگی داخل کرنے اندر جاتی ہیں تو پارٹی صدر کو باہر پھینک دیا جاتا ہے۔ پارٹی صرف دکھاوے کے لیے ایک دلت لیڈر کو صدر بناتی ہے، سچائی یہ ہے کہ کانگریس دلت مخالف ہے۔گورو بھاٹیہ نے کہا کہ جب وائناڈ میں آفت آئی تو گاندھی خاندان نے ایک روپیہ بھی عطیہ نہیں کیا۔ جب ملک میں کوئی آفت آتی ہے تو راہل گاندھی بیرون ملک چلے جاتے ہیں کیونکہ ان کا ایک ہی مقصد ہوتا ہے کہ ان کا خاندان ترقی کرے، ان کا عام لوگوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔