تاثیر 21 اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
فتح پور، 22 اکتوبر: ضلع کے مالواں تھانہ علاقے میں منگل کو ایک نالے سے ایک خاتون اور بچی کی لاشیں ملی ہیں۔ پولیس تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ دونوں کو تیز دھار ہتھیار سے قتل کیا گیا ہے۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے بھجوا کر معاملے کی تفتیش شروع کر دی۔
نالہ مالواں تھانہ علاقہ کے باجاپور گاوں کے رہنے والے سریندر پاسوان کے کھیت کے پاس جھاڑیوں سے گزرتا ہے۔ کھیتوں کی طرف جانے والے گاوں والوں نے نالے میں ایک خاتون (28) اور ایک لڑکی (07) کی لاشیں دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے فارنسک ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا جائزہ لیا اور لاشوں کو تحویل میں لے لیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت نہیں ہو سکی۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وجے شنکر مشرا نے جائے حادثہ کا جائزہ لیا۔ خاتون نے نیلے رنگ کی ساڑی پہن رکھی ہے، بچی نے سفید فراک پہنا ہوا ہے۔ بچی اور خاتون کی گردن پر تیز دھار ہتھیار کے ساتھ ساتھ جسم کے دیگر حصوں پر بھی زخموں کے نشانات پائے گئے جس کی وجہ سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں تیز دھار ہتھیار سے قتل کیا گیا ہے۔
ساتھ ہی گاوں والوں کا ماننا ہے کہ عورت اور بچی کے درمیان ماں بیٹی کا رشتہ ضرور رہا ہوگا۔ دونوں کو اغوا کرنے کے بعد قاتلوں نے پہلے خاتون کی عصمت دری کی ہو گی اور عورت کو قتل کرنے کے بعد بچی کو بھی قتل کر دیا ہو گا۔ بعد ازاں دو لاشیں نالے میں پھینک دی گئیں۔