تاثیر 14 اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
سیتامڑھی (مظفر عالم )
ضلع کے پوپری تھانہ علاقہ میں ریلوے اسٹیشن کے گمٹی نمبر 36 کے قریب پیر کی صبح ایک نوجوان کی لاش ریلوے ٹریک کے کنارے سے ملی۔ بتایا جا رہا ہے کہ قتل کیے گئے نوجوان کی لاش کو ریلوے ٹریک کے کنارے پھینک دیا گیا ہے۔ مرنے والے کی شناخت پوپری گاؤں کے شرون پاسوان کے 24 سالہ بیٹے شنی کمار کے طور پر کی گئی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر معاملے کی جانچ کی اور لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے سیتامڑھی بھیج دیا۔ یہاں واقعہ کے سلسلے میں متوفی کی ماں نے قتل کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ شنی کا اتوار کو کچھ لڑکوں سے جھگڑا ہوا تھا۔ رات گئے تقریباً دس بجے اس کے موبائل پر ایک نوجوان کا فون آیا جس کے بعد وہ گھر سے باہر نکل گیا۔ اس کے بعد سے وہ واپس نہیں آیا اور صبح اس کی لاش کی اطلاع ملی۔ متوفی کی والدہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اسے بے دردی سے مارنے کے بعد لاش پھینک دی گئی۔ شنی کے سر پر لوہے کی راڈ جیسے ہتھیار سے مارے جانے کے نشانات پائے گئے۔ فی الحال پولس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔