تاثیر 28 اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 28 اکتوبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج گجرات کے وڈودرا میں اسپین کے صدر پیڈرو سانچیز کے ساتھ ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹم لمیٹڈ (ٹی اے ایس ایل ) کیمپس میں فوجی سی-295 طیاروں کی تیاری کے لیے ٹاٹا ایئر کرافٹ کمپلیکس کا مشترکہ طور پر افتتاح کیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہسی -295 ہوائی جہاز کا کارخانہ نئے ہندوستان کے نئے ورک کلچر کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا،’’ٹاٹا-ایئر بس مینوفیکچرنگ کی سہولت سے ہندوستان-اسپین تعلقات اور ’میک ان انڈیا، میک فار دی ورلڈ‘ مشن کو تقویت ملے گی۔‘‘ اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے کہا کہ یہ میرے دوست پیڈرو سانچیز کا پہلا ہندوستان دورہ ہے۔ آج سے ہم ہندوستان اور اسپین کے درمیان شراکت داری کو ایک نئی سمت دے رہے ہیں۔ ہم سی -295 طیارے بنانے کے لیے ایک فیکٹری کا افتتاح کر رہے ہیں۔ یہ فیکٹری نہ صرف ہندوستان اور اسپین کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرے گی بلکہ ’میک ان انڈیا، میک فار دی ورلڈ‘ کے مشن کو بھی تقویت دے گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس کے لیے ٹاٹا اور ایئربس کی ٹیموں کو مبارکباد دی۔

