تاثیر 23 اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 23 اکتوبر: مرکزی حکومت نے چاول کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے اُسنا چاول (جزوی طور پر ابلے ہوئے چاول) پر عائد ایکسپورٹ ڈیوٹی کو ختم کر دیا ہے۔ گزشتہ ہفتے ہی اعلیٰ سطحی وزارتی پینل نے اس سلسلے میں فیصلہ کیا تھا۔ اب اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ چاول کی برآمد ات کو فروغ دینے کے لیے گزشتہ ماہ ہی اُسناچاول پر لگنے والی ایکسپورٹ ڈیوٹی 20 فیصد سے کم کر کے 10 فیصد کر دی گئی تھی۔ لیکن بین الاقوامی منڈی میں چاول کی قیمت میں آئی کمی اور ملک میں پہلے سے موجود چاول کے وافر اسٹاک کے پیش نظر حکومت نے اُسنا چاول پر عائد ایکسپورٹ ڈیوٹی کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے۔
چند روز قبل انڈین رائس ایکسپورٹرز فیڈریشن (آئی آر ای ایف) نے مرکزی وزیر پیوش گوئل سے ملاقات کی تھی اور چاول پر عائد ایکسپورٹ ڈیوٹی ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے بعد مرکزی حکومت نے اعلیٰ سطحی وزارتی فائنل تشکیل دیا۔ اس وزارتی پینل نے اُسنا چاول پر 10 فیصد ایکسپورٹ ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔