بہار کے بھوجپور میں پوجا کمیٹی کے ارکان پر فائرنگ، چار زخمی

تاثیر  13  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ ، 13 اکتوبر: بہار میں بھوجپور ضلع کے نوادہ تھانہ علاقہ کے مولیٰ باغ واقع درگا پوجا پنڈال کے قریب اتوار کی صبح 5 بجے موٹر سائیکل سوار مسلح بدمعاشوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ اس فائرنگ میں پوجا کمیٹی کے ایک رکن سمیت چار افراد گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔واردات کو انجام دینے کے بعد تمام مسلح بدمعاش بائک سے اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہوگئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے آرہ شہر کے بابو بازار واقع نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حملہ میں نوادہ تھانہ علاقہ کے مولیٰ با غ محلہ رہائشی کمال الدین انصاری کا 19 سالہ بیٹا ارمان انصاری، ٹن ٹن یادو کا 26 سالہ بیٹے سنیل کمار یادو، شیو کمار کا 25 سالہ بیٹا روشن کمار اور سپاہی کمار کو گولی لگی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی نوادہ تھانہ کے انسپکٹر وپن بہاری اور انسپکٹر واحد علی موقع پر پہنچے۔ انہوں نے معاملے کی چھان بین شروع کر دی ہے۔ جائے وقوعہ سے دو کھوکھا بھی برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس ملزمین کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مسلسل چھاپہ ماری کر رہی ہے۔ حملہ ور دو موٹر سائیکل پر چار کی تعداد میں تھے۔ حملے کے پیچھے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔چار زخمیوں کا علاج کر رہے سرجن ڈاکٹر وکاس سنگھ نے بتایا کہ اتوار کی صبح چار لوگ گولی لگنے سے زخمی حالت میں یہاں آئے تھے۔ ان میں سے دو افراد کو پیٹ میں گولیاں لگی تھیں۔ ان میں سے ایک کا ا?پریشن کرکے گولی نکال لی گئی ہے اور دوسرے کا آپریشن جاری ہے۔ دیگر دو افراد کی حالت نازک ہے۔