تاثیر 13 اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 13اکتوبر: ہندوستان نے ہفتہ کو ویت نام کے خلاف سنسنی خیز بین الاقوامی فٹ بال میچ میں ویت نام کو برابری کی جنگ دی۔ لیکن بہت کوششوں کے باوجود میچ 1-1 سے ڈرا ہوگیا۔ جس کے باعث ٹیم کے ہیڈ کوچ مانولو مارکیز کا پہلی جیت کا انتظار بڑھ گیا۔ ویتنام کے تھین ٹرونگ اسٹیڈیم میں 38ویں منٹ میںگوئن ہوآنگ ڈوک کے گول نے برتری دلا دی۔ بھارت کی جانب سے فاروق چودھری نے میچ کے دوسرے ہاف کے 53ویں منٹ میں گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ مارکیز کے مرکزی کوچ بننے کے بعد ہندوستان اب تک تین میچ کھیل چکا ہے۔ ان میں سے دو میچ ڈرا ہوئے اور ایک میچ میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ ہندوستان نے گزشتہ ماہ حیدرآباد میں انٹر کانٹی نینٹل کپ میں ماریشس کے خلاف میچ کھیلا تھا جو کہ برابری پر ختم ہوا تھا لیکن اسے شام کے ہاتھوں 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔