حزب اللہ کی تل ابیب کے نزدیک اسرائیل کے فوجی اڈے پر راکٹ باری

تاثیر  ۸  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

تل ابیب،08اکتوبر:لبنان میں پیر اور منگل کی درمیانی شب بیروت کے جنوبی نواحی علاقے الضاحیہ کو دو نئے حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ بات لبنان میں سرکاری میڈیا کی قومی ایجنسی نے بتائی۔ اسرائیلی فوج نے حملے سے قبل مذکورہ علاقوں میں بعض عمارتوں کو خالی کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی نے “ایکس” پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ “آپ لوگ حزب اللہ کے زیر انتظام تنصیبات اور مفادات کے قریب موجود ہیں ، اسرائیلی دفاع کی فوج جلد ان کے خلاف کارروائی کرے گی … آپ لوگ اپنی اور اپنے گھر والوں کی سلامتی کے لیے ان عمارتوں اور ان کے پڑوس کی عمارتوں کو فوری طور پر خالی کر دیں اور کم از کم 500 میٹر کی دوری پر چلے جائیں”۔ادھر حزب اللہ نے تل ابیب کے نزدیک اسرائیلی انٹیلی جنس کے اڈے پر راکٹ داغنے کا اعلان کیا ہے۔العربیہ / الحدث کی نامہ نگار کے مطابق تل ابیب کے وسط اور شمال میں زور دار دھماکے سنے گئے۔ اس سے قبل شہر میں خطرے کے سائرن بھی بجائے گئے تھے۔ جنوبی لبنان سے وسطی اسرائیل کی سمت 5 راکٹ داغے گئے۔ ان کے علاوہ بالائی جلیل کے سمت بھی راکٹ داغے گئے۔اس سے قبل اسرائیلی فوج نے پیر کے روز بیروت کے جنوبی نواحی علاقے الضاحیہ پر پے در پے چھے حملے کیے تھے۔