حزب اللہ کی اسرائیل کوحیفا اور دیگر شہروں پر زیادہ بڑے حملوں کی دھمکی

تاثیر  ۹  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بیروت،09اکتوبر:لبنانی تنظیم حزب اللہ نے دھمکی دی ہے کہ اگر اسرائیل نے لبنان پر شدید بم باری کا سلسلہ جاری رکھا تو شمالی اسرائیل میں حیفا اور دیگر شہروں کو زیادہ بڑے پیمانے پر نشانہ بنایا جائے گا۔ اسرائیل کی جانب سے لبنان پر بم باری میں 23 ستمبر سے شدت آ گئی ہے۔ادھر اسرائیلی فوج نے منگل کی شب بیروت کے جنوبی نواحی علاقے الضاحیہ پر چار فضائی حملے کیے۔ اس کے علاوہ شمالی بقاع میں بعلبک شہر کے اطراف بالخصوص نبی شیت، دورس، الفاکہہ اور بریتال کے علاقوں کو بھی شدید بم باری کا نشانہ بنایا گیا۔
بعد ازاں اسرائیلی بحری جنگی جہاز نے الضاحیہ پر تین میزائل داغے۔اسرائیلی فوج کے مطابق منگل کے روز لبنان کی سمت سے شمالی اسرائیل کے علاقوں پر تقریبا 85 راکٹ داغے گئے۔ ان علاقوں میں حیفا شہر بھی شامل ہے۔حزب اللہ نے منگل کے روز اپنے ٹیلیگرام چینل پر جاری پوسٹ میں بتایا ہے کہ اس کے جنگجو جنوبی لبنان میں سرحدی علاقوں میں پیش قدمی کی کوشش کرنے والے اسرائیلی فوجی یونٹوں کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔ تنظیم کے بیان کے مطابق جھڑپوں میں کم از کم 35 اسرائیلی فوجی اہل کار اور افسران مارے گئے اور 200 کے قریب زخمی ہوئے۔