ہندو تنظیم کا اترکاشی میں مسجد ہٹانے کا مطالبہ 

تاثیر  24  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

اترکاشی 24 اکتوبر: اترکاشی میں مسجد کا معاملہ ایک بار پھر گرم ہوگیا ہے۔ ضلع ہیڈکوارٹر پر واقع مسجد کو ہٹانے کے مطالبہ پر ہندو تنظیم کی کال پر جمعرات کو اترکاشی، بھٹواڑی، ڈنڈا بازار مکمل طور پر بند رہے۔ جس کی وجہ سے دور دراز سے آنے والے یاتری چائے پانی کو بھی ترس گئے۔ یہاں سیکورٹی وجوہات کی بنا پر ضلعی ہیڈ کوارٹر پر اضافی دستے تعینات ہیں۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پرشانت کمار نے بتایا کہ بھٹواڑی ٹیکسی اسٹینڈ مسجد محلہ میں ریلی پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ آج جمعرات کو اترکاشی میں ہندو تنظیم کی کال پر ایک جلسہ اور ریلی کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے پرامن ریلی کی اجازت دے دی ہے۔ امن و امان اور سلامتی کے پیش نظر اترکاشی کے ہر کونے پر پولیس تعینات ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ اترکاشی میں ہندو تنظیم کی طرف سے مسجد کو اترکاشی سے ہٹانے کی کال پر بازار مکمل طور پر بند ہے۔ ہندو تنظیم کی جن آکروش ریلی کا جلسہ ہنومان چوک پر شروع ہو گیا ہے۔ سوامی درشن بھارتی ریلی کے لیے اترکاشی پہنچ گئے ہیں۔