تاثیر 29 اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
رائے پور، 29 اکتوبر: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے اہلکاروں نے دھنتیرس کے دن منگل کی صبح شراب گھوٹالہ معاملے میں رائے پور مینار بار کے مالک انل راٹھور کے گھر اور احاطے پر چھاپہ مارا۔ خبر لکھے جانے تک ای ڈی کی کارروائی جاری تھی۔
معلومات کے مطابق ای ڈی حکام نے تاجر انل راٹھور کے اشوکا رتن گھر، مینار بار اور سوریا اپارٹمنٹ پر چھاپہ مارا ہے۔ کاروباری انل راٹھور کو جھارکھنڈ کے سابق ایکسائز سکریٹری آئی اے ایس ونے چوبے اور جوائنٹ سکریٹری گجیندر سنگھ کے قریب بتایا جاتا ہے۔ خبر ہے کہ ای ڈی چھتیس گڑھ ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے ایک سابق افسر کے گھر بھی پہنچی ہے لیکن سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق جھارکھنڈ اور چھتیس گڑھ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے نصف درجن افسران راٹھور کے ٹھکانوں پر تفتیش میں مصروف ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ چھتیس گڑھ کے ای او ڈبلیو نے پہلے ہی اس معاملے میں جھارکھنڈ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے اس وقت کے سکریٹری ونے کمار چوبے اور جوائنٹ سکریٹری گجیندر سنگھ کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ رانچی کے وکاس کمار نے ایف آئی آر درج کرنے کے لیے درخواست دی تھی۔ اس کے بعد رائے پور میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ درخواست میں کہا گیا کہ شراب گھوٹالہ کی پوری سازش رائے پور میں ہی رچی گئی اور ایکسائز پالیسی میں تبدیلی کی گئی۔