تاثیر ۵ اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
بنگلور۔5/اکتوبر۔محکمہ اقلیتی بہبود حکومت کرناٹک نے ایک منصوبہ کے تحت شاہین ادارہ جات بیدر کی نگرانی میں محکمہ اقلیتی بہبود حکومت کرناٹک کی جانب سے ریاست کرناٹک کے 100دینی مدارس میں تعلیم حاصل کررہے طلبہ وطالبات کو عصری تعلیم سے جوڑنے کے مقصد سے ”کرناٹک مدرسہ پلس“ پروگرام شروع کیاہے۔ جس کا آج بنگلور میں ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود،امکنہ و اوقاف جناب بی زیڈ ضمیر احمد خان کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔اس موقع پر جناب ضمیر احمد خان نے کہا کہ حکومتِ کرناٹک نے ریاست میں 100دینی مدارس میں تعلیم حاصل کررہے طلبہ و طالبات کو عصری تعلیم سے جوڑنے کے مقصد سے کرناٹک کے معروف تعلیمی ادارہ شاہین ادارہ جات کی نگرانی میں شروع کیا ہے تاکہ دینی مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات بھی آج کے اس جدید دور میں عصری تعلیم کے زیور سے آراستے ہوسکے۔اس پروگرام میں بطور مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے ریاستی وزیر برائے بلدی نظم و نسق و حج اُمور جناب محمد رحیم خان،چیف منسٹر کے سیاسی مشیر جناب نصیر احمد،کرناٹک اقلیتی بہبود کارپوریشن کے چیئرمین جناب یو نثار احمد،محمد الطاف خان چیئرمین کرناٹک مائنارٹیز ڈیولپمنٹ کارپوریشن،مولانا مفتی محمد علی قاضی مفتاحی چیئرمین کرناٹک اُڑدو اکادمی، جنابسلیم احمد رکن قانون ساز کونسل ،محترمہ بلقیس بانو رکن قانون ساز کونسل،رکن راجیہ سبھا جناب ناصر حسین،جیلانی ایچ مکاشی ڈائریکٹر Directorate of Minoritiesو کرناٹک اسٹیٹ وقف بورڈ سی ای او اور جناب ڈاکٹر عبدالقدیر چیئرمین شاہین ادارہ جات نے شرکت کی۔واضح ہو کہ ملک بھر میں تعلیم کی شمع روشن کرنے والا معروف تعلیمی ادارہ شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنس کی جانب سے اس کے آغاز سے ہی دینی مدارس کے طلبہ وطالبات کو عصری تعلیم کے ساتھ جوڑنے اور تعلیم منقطع کرنے والے عالم طلبہ وطالبات کیلئے خصوصی توجہ رہی ہے۔ادارہ ہذا سے کئی حفاظ و عالم طلبہ وطالبات حصولِ تعلیم کے بعد مسابقتی امتحانات میں بہترین کارکردگی پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر،انجینئردیگر پیشہ ورانہ عہدوں کے علاوہ سیول سروسس میں بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ تعلیمی خدمات اور دینی مدارس کے طلباء اور تعلیم منقطع کرنے والے بچوں اے آئی سی یوAICU-(اکیڈمک انٹینسیو کیئر یونٹ) کیلئے تیارکردہ نصاب اورماڈل فریم کی ستائش کرتے ہوئے محکمہ اقلیتی بہبود حکومت کرناٹک نے ایک منصوبہ کے تحت شاہین ادارہ جات بیدر کی نگرانی میں محکمہ اقلیتی بہبود حکومت کرناٹک کی جانب سے ریاست کرناٹک کے 100دینی مدارس میں تعلیم حاصل کررہے طلبہ وطالبات کو عصری تعلیم سے جوڑنے کے مقصد سے ”کرناٹک مدرسہ پلس“ پروگرام شروع کیاہے۔ جس کے تحت طلبہ وطالبات کو دینی تعلیم کے ساتھ کچھ وقت نکال کر عصری تعلیم کے بنیادی مضامین انگریزی، کنڑا، ریاضی، سائنس اور ڈیٹاانٹری کی جزوقتی تعلیم دی جائے گی۔