تاثیر 20 اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
وارانسی، 20 اکتوبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو ہریہر پور میں واقع آر جے شنکر آنکھوں کے اسپتال کو عوام کو وقف کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں شنکراچاریہ جی کے درشن کرنے، پرساد اور آشیرواد حاصل کرنے کا شرف حاصل ہوا۔ شنکراچاریہ کے آشیرواد سے پوروانچل کو کاشی ( بنارس ) سے ایک اور جدید اسپتال ملا۔ شنکرا آئی اسپتال آج سے عوام کے لئے وقف ہے۔ وہ وارانسی سمیت پوروانچل کے تمام لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ اسپتال کاشی اور علاقے میں آنے والے لوگوں کی زندگیوں سے اندھیرے کو دور کرے گا اور انہیں روشنی کی طرف لے جائے گا۔ ایک طرح سے یہ اسپتال روحانیت اور جدیدیت کا سنگم ہے۔ یہ اسپتال بزرگوں کی خدمت بھی کرے گا اور بچوں کو روشنی بھی فراہم کرے گا۔ غریبوں کی بڑی تعداد یہاں مفت علاج کروانے جارہی ہے۔ یہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع بھی لے کر آیا ہے۔