دمشق میں المزہ کالونی پر اسرائیلی حملے میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی

تاثیر  ۹  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

دمشق،09اکتوبر:منگل کے روز دمشق میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 9 شہری مارے گئے۔ شام کی وزارت دفاع کے مطابق یہ اس حملے کا صرف ابتدائی نتیجہ ہے۔ ایرانی ٹیلی ویڑن نے دمشق میں ہدف بنانے والے مقام پر قدس فورس کے ڈپٹی کمانڈر رضا فلاح زادہ اور جہاد تحریک کے سیکرٹری زیاد النخالہ کی موجودگی کی تردید کی۔دمشق میں ایرانی سفارت خانے نے اس بات کی تردید کی ہے کہ المزہ کالونی پر حملے میں ایرانی مارے گئے تھے۔ شام کی وزارت دفاع نے کہا کہ اسرائیلی دشمن نے مقبوضہ شام کے گولان کی سمت سے تین میزائلوں سے فضائی حملہ کیا۔ دمشق کے گنجان آباد محلے المزہ میں رہائشی اور تجارتی عمارتوں میں سے ایک کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق اور 11 دیگر زخمی ہوگئے
شامی خبر رساں ایجنسی (SANA) نے بتایا کہ اسرائیلی جارحیت نے دمشق میں المزہ کے پڑوس میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا تھا۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی حملے نے دمشق میں ایرانی پاسداران انقلاب اور حزب اللہ سے منسلک عمارت کو نشانہ بنایا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں دو غیر شامی شہری بھی شامل تھے۔