تاثیر 26 اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پونے، 26 اکتوبر:مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم پونے میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارتی ٹیم کو 113 رن سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔ کیوی ٹیم نے پہلا میچ 8 وکٹوں سے جیتا تھا۔ سیریز کا آخری میچ یکم نومبر سے ممبئی میں کھیلا جائے گا۔
میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مہمان ٹیم نے اپنی پہلی اننگ میں 259 رن بنائے۔ جواب میں بھارتی ٹیم کی پہلی اننگ 156 رن پر سمٹ گئی۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ نے دوسری اننگ میں 103 رن کی برتری حاصل کرتے ہوئے 255 رن بنائے۔ اس طرح ہندوستانی ٹیم کو یہ میچ جیتنے کے لیے 359 رن کا ہدف ملا تھا۔ جواب میں بھارتی ٹیم دوسری اننگ میں صرف 245 رن بنا سکی اور 113 رن سے میچ ہار گئی۔ پونے ٹیسٹ میچ میں شکست کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم یہ ٹیسٹ سیریز بھی ہار گئی۔ اس کے علاوہ گھر پر لگاتار 18 سیریز جیتنے کا سلسلہ بھی ٹوٹ گیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلی بار ہندوستانی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتی ہے۔ نیوزی لینڈ سے پہلے انگلینڈ نے 2012 میں بھارت کو گھر پر ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی۔ اس میچ میں نیوزی لینڈ کی جیت کے ہیرو مچل سینٹنر رہے جنہوں نے پہلی اننگ میں سات اور دوسری اننگ میں چھ وکٹیں حاصل کیں۔359 رن کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے تیز شروعات کی اور پانچ اوورز میں 30 رن بنائے۔ یہاں ہندوستانی شائقین اچھی پارٹنرشپ کی توقع کررہے تھے لیکن ہندوستانی کپتان 34 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ ابھی تک کپتان روہت کا بلے سیریز میں خاموش رہا۔ اس اننگ میں بھی وہ بلے سے کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور 8 رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔