نرسنگھانند کے خلاف بلند شہر میں احتجاج، 8 گرفتار

تاثیر  ۵  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بلندشہر، 05 اکتوبر:اترپردیش کے بلند شہر ضلع کے سکندرآباد میں کل نماز جمعہ کے بعد مسلمانوں نے داسنا مندر کے مہنت یتی نرسنگھانند کے خلاف احتجاج کیا اور گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ اس دوران کچھ نوجوانوں نے نعرے بازی بھی کی۔ پولیس نے 8 افراد کو حراست میں لے لیا۔ مظاہرہ کے بعد علاقہ میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کے کئی اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے اور پی اے سی کی ٹیموں نے بھیڑ کو منتشر کردیا۔واضح رہے کہ 29 ستمبر کو یتی نرسنگھانند نے غازی آباد کے لوہیا نگر میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پیغمبر اسلام کے خلاف مبینہ طور پر انتہائی اہانت آمیز ریمارکس کئے اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیان دیا، جس کے بعد سے ملک بھر کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ دیکھا جارہا ہے۔