تاثیر ۹ اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 09 اکتوبر: فلم اداکارہ شلپا شیٹی اور کاروباری شخصیت راج کندرا نے بدھ کو بمبئی ہائی کورٹ میں ایک عرضی دائر کرکے منی لانڈرنگ کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی طرف سے جاری کردہ ضبطی نوٹس کو چیلنج کیا ہے۔ ہائی کورٹ نے آج ای ڈی کو اس معاملے میں اپنی پوزیشن واضح کرنے کی ہدایت دی ہے اور کیس کی سماعت جمعرات کو ہوگی۔شلپا شیٹی اور راج کندرا نے عرضی میں دعویٰ کیا ہے کہ ای ڈی کی کارروائی من مانی اور غیر قانونی ہے۔ درخواست میں شلپا اور راج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کارروائی کی کوئی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ وہ 2018 سے باقاعدگی سے تعاون کر رہے ہیں۔ ای ڈی نے امیت بھردواج کے خلاف 2018 میں ایک مبینہ کرپٹو اثاثہ پونزی اسکیم میں مقدمہ درج کیا تھا۔ شلپا شیٹی اور راج کندرا کے ساتھ اس معاملے میں دیگر شریک ملزمان پر بٹ کوائن کی شکل میں سرمایہ کاروں کو 6 کروڑ روپے سے زیادہ کا دھوکہ دینے کا الزام ہے۔اسی معاملے میں ای ڈی نے شلپا شیٹی اور راج کندرا کے خلاف 27 ستمبر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جوہو میں واقع بنگلہ اور پوانا جھیل علاقے میں واقع فارم ہاؤس کو 10 دن کے اندر خالی کرنے کو کہا تھا۔ شلپا شیٹی اور راج کندرا نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ انہیں یہ نوٹس 3 اکتوبر کو ملا ہے۔ اس کے بعد اس نے ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی ہے۔