دہلی کےشاہی عیدگاہ پارک میں لگایا گیا رانی لکشمی بائی کا مجسمہ

تاثیر  ۴  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 04 اکتوبر: دہلی کے شاہی عیدگاہ پارک میں جھانسی کی رانی لکشمی بائی کے مجسمے کی تنصیب کو لے کر جمعہ (4 اکتوبر) کو ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران عیدگاہ مینجمنٹ کمیٹی کے وکیل نے بتایا کہ مجسمہ، شاہی عیدگاہ پارک میں نصب کیا گیا ہے۔ اس پر دہلی ہائی کورٹ نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ تین رکنی ٹیم اس جگہ جائے اور انہیں دکھائے کہ مجسمہ کہاں نصب کیا گیا ہے۔اب اس کیس کی اگلی سماعت 7 اکتوبر 2024 کو دہلی ہائی کورٹ میں ہوگی۔ رانی لکشمی بائی مجسمہ تنازعہ کی سماعت کے دوران، دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے) کے وکیل نے ہائی کورٹ کو بتایا، کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے سے بچنے کے لیے، مجسمے کے تین اطراف میں باؤنڈری وال بنائی گئی ہے۔اس کے علاوہ ایم سی ڈی کے وکیل نے عدالت سے کہا، یہ مورتی عیدگاہ کی دیوار سے 200 میٹر دور ہے، مورتی کی وجہ سے کسی کے جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچے گی۔