تاثیر 25 اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
رائے پور، 25 اکتوبر: جمعرات کی رات دیر گئے اوڈیشہ کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد سمندری طوفان دانا نے موسم کا رخ بدل دیا ہے۔ اس سے چھتیس گڑھ کے سرگوجا، جش پور، رائے گڑھ جیسے اضلاع بھی متاثر ہوئے ہیں۔ وسطی ہندوستان اور آس پاس کے علاقوں میں ابر آلود ہے۔ ہوائیں سرد ہیں اور تیز چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان ‘دانا’ کے اثر کی وجہ سے رائے پور سمیت ریاست کے کچھ مقامات پر اگلے تین سے چار دنوں تک ابر آلود اور بارش کی صورتحال رہے گی۔ محکمہ موسمیات نے آج جمعہ کو چھتیس گڑھ کے 8 اضلاع میں یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ جس میں سورج پور، بلرام پور، جش پور، رائے گڑھ، سکتی، سارنگڑھ-بلا گڑھ، مہاسمند اور گریابند شامل ہیں۔ ان اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ آئندہ 3 روز تک آسمانی بجلی گرنے کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے۔