تاثیر ۸ اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 8 اکتوبر: مغربی بنگال اسٹیٹ میڈیکل کونسل میں بدعنوانی کے سنگین الزامات لگاتے ہوئے آر جی کر اسپتال کے جونیئر ڈاکٹروں نے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ آر جی کر اسپتال کے سات جونیئر ڈاکٹروں نے منگل کی صبح 9 بجے سے 12 گھنٹے کا علامتی بھوک ہڑتال شروع کی۔ اسی طرح کی تحریک ریاست کے دیگر میڈیکل کالجوں میں بھی دیکھی گئی، جہاں جونیئر ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ سینئر ڈاکٹر، نرسیں اور ہیلتھ ورکرز بھی مدد کے لیے آگے آئے۔ اس کے ساتھ ہی جونیئر ڈاکٹروں نے بھی آج ‘مہا مارچ’ نکالنے کا اعلان کیا ہے، جو کالج چوک سے شروع ہو کر دھرمتلہ تک پہنچے گا۔ یہ مارچ منگل کو شام 4:30 بجے ہوگا۔
آر جی کر ہسپتال کے جونیئر ڈاکٹروں کی نمائندگی کرنے والے میڈیکل آفیسر تاپس پرمانک نے منگل کی صبح ایک پریس کانفرنس کی۔ ان کے ساتھ علامتی انشن میں شریک دیگر چھ ڈاکٹروں کے نام نیلاکاش منڈل، پرمیتا تھانڈے، پربدھ دتہ، شوبھدیپ بسواس، توہی ہزارا اور انوپم رائے ہیں۔ ان ڈاکٹروں نے مغربی بنگال ہیلتھ یونیورسٹی اور اسٹیٹ میڈیکل کالج میں پھیلی بدعنوانی اور بے قاعدگیوں کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
ڈاکٹروں نے ریاستی میڈیکل کونسل کے سابق صدر اور سریرام پور سے ترنمول ایم ایل اے سدیپتا رائے پر بھی سنگین الزامات لگائے۔ انہوں نے کہا کہ جن میں خود اخلاق نہیں ہے وہ ڈاکٹروں کو اخلاقیات سکھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔