تاثیر ۵ اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ملتان؍لاہور ،5اکتوبر:پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز اور ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل کا کہنا ہے کہ انگلش ٹیم جارحانہ انداز میں کھیلتی ہے،اس میں غلطیاں بھی ہوتی ہیں اس لیے کوشش ہو گی کہ ان سے زیادہ غلطیاں کروا کر سیریز جیتیں۔ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعود شکیل کا کہنا تھا ابھی ٹیسٹ میچ میں ایک دن باقی ہے، مجھے ابھی یقین نہیں ہے پچ پر گراس ہو گی یا نہیں، اس لیے ابھی پلان کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔بابر اعظم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سعود شکیل نے کہا کہ بابر اعظم کے کپتانی چھوڑنے کا تعلق وائٹ بال سے ہے اور ہم ریڈ بال کرکٹ کھیل رہے ہیں اس لیے کچھ نہیں کہہ سکتا، استعفیٰ دینا ہر کسی کا اپنا فیصلہ ہے۔انہوں نے بولنگ کے حوالے سے کہا کہ شاہین آفریدی بولنگ کر رہے ہیں اور سب نے دیکھا ہے، ان کی فٹنس کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا، ہم ضرورت کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں، جب ضرورت ہوتی ہے تو ہم تیز کھیلتے ہیں۔

