تعلیم کے حصول کامقصدقابل اورباوقار شہری بن کر قوم کی خدمت کرناہو:اقبال حسن

تاثیر  ۵  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

عبدالرحمن پور(پھلواری شریف)05اکتوبر(پریس ریلیز)اسلامیہ گروپ آف انسٹی ٹیوشنس کے زیراہتمام چلائے جارہے کالجوں میں نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوگیا ہے۔اس حوالے سے تکشیلا کالج آف ایجوکیشن میں نئے تعلیمی سال کی افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی صدارت کالج کے ڈائرکٹر جناب اقبال حسن نے کی۔انہوں نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے تعلیمی سال کا آغازاس عزم کے ساتھ ہو کہ آئندہ ہم ایک قابل اورباوقار شہری بن کر قوم کی خدمت کریں گے اورملک کا نام روشن کریں گے۔تعلیم وہ انمول خزانہ ہے،جس کی بدولت ہم دنیا میں اپنا مقام پیدا کرسکتے ہیں۔کالج کی پرنسپل محترمہ سویتا سنہا نے طلبا وطالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہاکہ تعلیمی سال کا آغاز منصوبہ بند طریقے سے کریں۔نئے جوش وخروش کے ساتھ تعلیمی سال کی شروعات آگے بڑھنے کا حوصلہ دے گا۔علاوہ ازیں محترمہ نے استاذ اورشاگرد کے رشتوں میں دوستی اورمحبت کے ساتھ عزت واحترام کے جذبے کو فروغ دینے پر زور دیا۔واضح رہے کہ تعلیمی سال کا آغاز مشترکہ طورپر کالج کے ذمہ داران اوراساتذہ نے شمع روشن کرکے کیا۔