تاثیر ۵ اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی 5 اکتوبر/بھوپال :قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان،نئی دہلی اور ریجنل سینٹر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی بھوپال کے اشتراک سے مانو ریجنل سینٹر بھوپال کیمپس میں اردو ذریعہ تعلیم اور موجودہ تکنیکی منظرنامہ این ای پی 2020 کے تناظر میں کے عنوان سے یک روزہ سمینار کا انعقاد کیا گیا۔ افتتاحی اجلاس میں خیر مقدمی کلمات پیش کرتے ہوئے این سی پی یو ایل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے کہا کہ یہ کثیر لسانیت کا دور ہے۔ ہمیں اردو کے ساتھ دیگر زبانوں سے بھی استفادہ کرنا چاہیے اور ان میں اپنی استعداد بہم پہنچانی چاہیے۔ تبھی ہم کامیاب ہوں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ اس سائنسی اور تکنیکی عہد میں ٹیکنالوجی ترقی کی کلید ہے، عصری تقاضوں اور ترجیحات سے ہم آہنگ ہوکر ہی ہم ترقی کے منازل طے کر سکتے ہیں ٹیکنالوجی کی وجہ سے زبانوں کو نئی قوت اور وسعت نصیب ہوئی ہے اور امکانات کے نئے دروازے کھلے ہیں۔ ڈاکٹر محمد احسن ریجنل ڈائرکٹر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی بھوپال کیمپس نے تعارفی کلمات میں کہا کہ ہمیں اردو ذریعہ تعلیم میں معیار پر توجہ دینی ہوگی۔