!روزانہ 100 سگریٹ پینے کا اعتراف کرنیوالے شاہ رخ خان نے سگریٹ چھوڑدی

تاثیر  04  نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئ،4 نومبر: لاکھوں دلوں کی دھڑکن بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے زندگی کی 59 بہاریں دیکھنے کے بعد اپنی 59 ویں سالگرہ کے موقع پر سگریٹ نوشی چھوڑنے کا انکشاف کیا ہے۔ شاہ رخ نے ہفتے کے روز اپنی59 ویں سالگرہ منائی ہے اور اس موقع پر مداحوں سے ملاقات کے دوران اداکار نیحیران کن انکشاف کیا جس کی ویڈیو بھی ان کے فین پیج پر بڑی تیزی سے وائرل ہوئی۔ ویڈیو میں شاہ رخ خان نے انکشاف کیا کہ ایک اچھی خبر جو میں آپ سب کو بتانا چاہتا ہوں وہ یہ کہ میں اب سگریٹ نوشی نہیں کرتا، مجھے لگا تھا سگریٹ چھوڑنے کے بعد میرا سانس نہیں پھولے گا لیکن ابھی بھی سانس پھولنے کی کیفیت محسوس ہوتی ہے، انشااللہ وہ بھی ٹھیک ہوجائے گی۔ ذرائع کے مطابق شاہ رخ ماضی میں روزانہ 100 سگریٹ پینے کا اعتراف کرچکے ہیں۔2012 میں شاہ رخ خان کو آئی پی ایل میچ کے دوران عوامی طور پر سگریٹ نوشی کرنے پر تنقید کا سامنا رہا ہے۔ بعدازاں 2017 میں ایک تقریب کے دوران شاہ رخ نے بتایا تھا کہ میں اپنے بچوں آریان، سہانا اور ابراہم کی خاطر سگریٹ نوشی اور شراب نوشی چھوڑنے کا ارادہ کر رہا ہوں۔ قابل ذکر ہے کہ، کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے سپراسٹار شاہ رخ خان نے 2 نومبر کو اپنی 59 ویں سالگرہ منائی، تاہم اس عمر میں بھی ان کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے، بالی ووڈ میں کنگ خان کا سکہ چلتا ہی ہے بلکہ اب ہالی ووڈ کی طرف سے بھی ان کی ایکٹنگ اسکلز کو سراہا گیا ہے۔ بالی ووڈ کے ’بادشاہ‘ سے مشہور شاہ رخ خان کی پیدائش 2 نومبر 1965 کو نئی دہلی میں ہوئی۔ میر تاج محمد خان اور لطیف فاطمہ خان کے اس سلیبریٹی فرزند کے مداح ہر سال 2 نومبر کو اْن کے بنگلہ ’منت‘ کے باہر اپنے ہیرو کی جھلک دیکھنے کیلئے جمع ہوتے ہیں۔ شاہ رخ 3 دہائیوں سے مداحوں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں اور آج بھی بالی ووڈ میں ان کی فلمیں سوپر ہٹ ہوتی ہیں اور فلمی شائقین کو ان کی اگلی فلم کا انتظار رہتا ہے۔ شاہ رخ نے 1991ء میں ریاست پنجاب کی ہوشیار پور سے تعلق رکھنے والی فیملی سے کی گوری چھِبر سے شادی کرلی تھی جس کے ساتھ انھیں سہانا خان، آرین خان، شاہ نواز خان ہیں۔