تاثیر 08 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
فیروز آباد، 8 نومبر: نصیر پور تھانہ علاقے کے تحت آگرہ- لکھنؤ ایکسپریس وے پر جمعہ کے روز ایودھیا سے درشن کے بعد ورنداون جانے والی عقیدت مندوں کی بس کنٹینر سے ٹکرا کر حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے میں ایک نوجوان سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک درجن افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا ہے۔
ریاست گجرات کے بڑسال کا رہائشی ڈرائیور منیش ولد نانوبائی 2 نومبر کو گجرات سے ایک منی بس میں 19 مسافروں کے ساتھ ملک کے مختلف مذہبی مقامات کے درشن کے لئے روانہ ہوا تھا۔ یاتریوں کے گروپ نے سب سے پہلے ایودھیا دھام میں بھگوان شری رام کے درشن کیے تھے۔ جمعہ کو بس آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے کے راستے ورنداون جا رہی تھی۔ عقیدت مندوں کے مطابق جیسے ہی بس تھانہ نصیر پور کے علاقے کے 54 کلومیٹر مائل اسٹون کے قریب پہنچی، تو پیچھے سے ایک آئیشر کینٹرنے تیزی سے بس کو اوور ٹیک کیا۔ اس دوران گاڑیوں کو رگڑنے سے بچانے کے لیے بس ڈرائیور نے منی بس کو ہٹانے کی کوشش کی کہ اچانک بس آگے جانے والے کنٹینر سے ٹکرا گئی۔