کاٹھمنڈو ایئرپورٹ سے 5 کلو سونا اسمگل کرنے پر چینی شہری سمیت 3 غیر ملکی گرفتار

تاثیر  06  نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کٹھمنڈو، 06 نومبر: نیپال کے ہوائی اڈے سے سونے کی اسمگلنگ کا معاملہ تھمنے کے آثار نہیں دکھائی دے رہے ہیں۔ بدھ کی صبح تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے سے تین غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے پاس سے 5 کلو سے زائد اسمگل شدہ سونا برآمد ہوا ہے۔ سونے کی یہ کھیپ اسپیکر کے اندر چھپا کر لائی گئی تھی۔ گرفتار اسمگلروں میں ایک چینی اور دو میانمار کے شہری ہیں۔ڈی ایس پی تھاپا کے مطابق بدھ کی صبح شارجہ سے کاٹھمنڈو آنے والے مسافروں کی باقاعدہ چیکنگ کی جا رہی تھی، اس دوران تین غیر ملکی شہریوں سے پانچ کلو سے زائد سونا برآمد ہوا۔ پولیس نے سونا لانے والے تینوں مسافروں کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی۔ آرمڈ گارڈ فورس کے ڈی ایس پی شیلیندر تھاپا جو ایئرپورٹ کی سیکورٹی کی کمان کررہے ہیں، نے بتایا کہ ان تین مسافروں سے 5 کلو 700 گرام سونا برآمد ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حراست میں لیے گئے مسافروں میں چینی شہری جیان زونگ اور میانمار کے شہری سان ڈائنگ تنگ اور نونگ فو شامل ہیں جنہیں کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔