تاثیر 04 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں, 4 نومبر:راشٹریہ بجرنگ دل نے پیر کو جموں میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کے خلاف احتجاج کیا اور ان سے ان کے دہشت گردانہ حملوں کے حوالے سے دیے گئے بیان پر معافی کا مطالبہ کیا۔ بجرنگ دل نے الزام لگایا کہ فاروق عبداللہ کے بیان نے مسلح افواج اور ملک کے عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔فاروق عبداللہ نے جموں و کشمیر میں بڑھتے ہوئے دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مقابلوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وادی میں دہشت پسندانہ حملوں میں اضافے پر سوال اٹھایا اور تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر منتخب حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔فاروق عبداللہ نے یہ تجویز پیش کی کہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے، نہ کہ ہلاک کیا جائے تاکہ ان سے پوچھ گچھ کر کے ان حملوں کے ماسٹر مائنڈ کا پتا لگایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پْرامن اسمبلی انتخابات کشمیری عوام کی بڑی کامیابی ہے اور اس سے پوری برادری متحد ہوئی ہے۔پیر کو بجرنگ دل کے کارکنان جموں کے جنرل بس اسٹینڈ کے باہر جمع ہوئے اور فاروق عبداللہ اور نیشنل کانفرنس کے خلاف نعرے بازی کی۔ انہوں نے این سی صدر کے پتلے بھی نذر آتش کیے اور فاروق عبداللہ کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔جموں و کشمیر بجرنگ دل کے صدر راکیش بجرنگی نے صحافیوں کو بتایا کہ فاروق عبداللہ نے پاکستان کی حمایت میں بیانات دیے ہیں۔