دیوالی کے موقع پر سرسہ میں 20 مقامات پر آتشزدگی کے واقعات

تاثیر  01  نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

سرسہ، یکم نومبر: دیوالی کے تہوار کے دوران جمعرات کی رات پٹاخوں کی وجہ سے 20 سے زیادہ مقامات پر آگ لگنے کے واقعات ہوئے۔ لوگ رات بھر فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کے سائرن سنتے رہے۔ آتشزدگی کے واقعات سے لاکھوں روپے مالیت کے مالی نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اطلاع کے مطابق شہر کے بھگوان پرشورام چوک میں واقع وجے میڈیکل اسٹور میں جمعرات کی رات آگ لگ گئی۔ رات ساڑھے سات بجے لوگوں نے میڈیکل اسٹور سے دھواں اٹھتے دیکھا۔ لوگوں نے میڈیکل اسٹور کے مالک وجے کمار اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔ جس کے بعد میڈیکل اسٹور مالک اور فائر بریگیڈ کی گاڑی موقع پر پہنچ گئی۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے جلد ہی آگ پر قابو پالیا۔ میڈیکل اسٹور کے مالک وجے کمار کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ ابھی واضح نہیں ہوسکی ہے۔ اسی دوران شیو چوک کے قریب واقع شری رام گارمنٹ کے گودام میں رات کے وقت آگ لگ گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ آگ پٹاخے کی چنگاری سے لگی۔ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔