تاثیر 26 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ ، 26 نومبر:بہار قانون ساز اسمبلی میں سرمائی اجلاس کے دوسرے دن اپوزیشن نے اسمبلی میں شراب پر حکومت کو گھیر اہے۔ آر جے ڈی ایم ایل اے رامانوج پرساد نے زہریلی شراب سے موت کا معاملہ اٹھایا۔ اس کا جواب دیتے ہوئے وزیر انچارج شرون کمار نے کہا کہ 2016 سے اب تک 156 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔اس پر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے کہا کہ یہ صرف تین اضلاع کے اعداد و شمار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے کہ بہار میں شراب کہاں سے اور کیسے ا?رہی ہے اور بڑے لوگوں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ہے ؟ وزیر شرون کمار نے کہا کہ نتیش کی حکمرانی میں بہار میں قانون کی حکمرانی ہے۔ شراب کا کوئی تاجر نہیں بچ سکے گا۔ بہار سے ہو یا بہار سے باہر ، بیرون ملک بھی ، سب کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ بہار اسمبلی کے تمام ممبران نے شراب بندی کی حمایت میں حلف لیا تھا کہ وہ شراب نہیں پییں گے اور نہ ہی کوئی کاروبار کرنے دیں گے لیکن اپوزیشن والے الزامات لگاتے ہیں لیکن شراب بیچنے کی کوئی اطلاع نہیں دی۔ ہم جائزہ لیں گے اور کارروائی بھی کریں گے۔