تاثیر 01 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی،یکم نومبر : امریکی اسپیشل فورسز کے ساتھ فوجی مشق ’وجر پرہار‘ کرنے کے لیے ہندوستانی فوج کا دستہ جمعہ کومریکہ روانہ ہوا۔ یہ مشق 2 سے 22 نومبر تک امریکہ کے شہر ایڈاہو میں آرچرڈ کمبیٹ ٹریننگ سینٹر میں منعقد ہوگی۔ اس سے قبل اسی طرح کی مشق دسمبر 2023 میںامروئی، میگھالیہ میں منعقد کی گئی تھی۔ ایک سال کے اندر ہندوستان اور امریکی افواج کے درمیان یہ دوسری فوجی مشق ہے۔گزشتہ ’یدھ ابھیاس‘ دو ماہ قبل ستمبر میں راجستھان میں منعقد ہوا تھا۔
وزارت دفاع کے مطابق اس مشترکہ فوجی مشق میں دونوں فوجوں کے 45-45 اہلکاروں والے فوجی دستے حصہ لیں گے۔ ہندوستانی فوج کے دستے کی نمائندگی اسپیشل فورسز یونٹس اور امریکی فوج کے دستے کی نمائندگی امریکہ کے گرین بیریٹس کریں گی۔ اس ’وجر پرہار‘ مشق کا مقصد مشترکہ طور پر کام کرنے اور خصوصی آپریشن کی حکمت عملیوں کے باہمی تبادلے کو بڑھا کر ہندوستان اور امریکہ کے درمیان فوجی تعاون کو فروغ دینا ہے۔