دربھنگہ اور دہلی کے درمیان انڈیگو کی فلائٹ 12 دسمبر سے شروع

تاثیر  01  نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

 دربھنگہ(فضا امام) یکم نومبر:-انڈیگو کا فلائٹ 12 دسمبر سے دربھنگہ اور دہلی کے درمیان پرواز کرے گا۔ دونوں شہروں کے درمیان پرواز کی سہولت مسافروں کو روزانہ دستیاب ہوگی۔ لوگ خوش ہیں کیونکہ ایئر لائن نے بدھ کی شام سے ٹکٹوں کی بکنگ شروع کر دی تھی۔ اسپائس جیٹ سروس دہلی اور دربھنگہ کے درمیان پہلے سے ہی دستیاب ہے۔ اب دو ایئرلائنز کی سروسز شروع ہونے کے بعد ایک طرف مسافروں کا سفر آسان ہو جائے گا تو دوسری طرف دونوں کے درمیان مقابلے کی وجہ سے توقع ہے کہ کرایوں میں بھی کمی آئے گی۔ فی الحال، 12 دسمبر کو دہلی سے دربھنگہ جانے والی انڈیگو کی پرواز کے لیے 4,803 روپے میں ٹکٹ بکنگ جاری ہے۔ اس دن دربھنگہ سے دہلی کے لیے 5,337 روپے میں ٹکٹ بک کیے جا رہے ہیں۔ انڈیگو کا ہوائی جہاز 12 دسمبر سے دوپہر 2.20 بجے دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 1D سے دربھنگہ ہوائی اڈے کے لیے اڑان بھرے گا۔ یہ شام 4.05 بجے یہاں اترے گا۔ دربھنگہ سے دہلی کے لیے فلائٹ شام 4.45 بجے ٹیک آف کرے گا اور 6.50 بجے وہاں لینڈ کرے گا۔راجیہ سبھا ایم پی اور جے ڈی یو کے کارگذار قومی صدر سنجے جھا نے بھی ٹویٹ کرکے انڈیگو کی بکنگ شروع ہونے کی اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ طیاروں کی تعداد میں اضافے سے مسافروں کو سہولت ملے گی۔ دربھنگہ اور بنگلورو کے درمیان بھی انڈیگو سروس شروع کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔